ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ قیادت، ضلعی انتظامیہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے، پروگرام میں شامل تمام ٹھیکیداروں کے لیے ایم آئی ایس (مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم) سسٹم کے حوالے سے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، شاہد عباس کاٹھیا کی نگرانی میں منعقد ہونے والے اس تربیتی سیشن میں ٹھیکیداروں کو ایم آئی ایس سسٹم کے عملی استعمال کی تربیت فراہم کی گئی۔ یہ سسٹم ٹھیکیداروں کی ڈیجیٹل ادائیگیوں اور منصوبے کی پیش رفت کو جانچنے کے لیے استعمال ہوگا۔ اس جدید نظام کے ذریعے ٹھیکیدار اپنے بل دفتروں کے چکر لگائے بغیر ڈیجیٹل طریقے سے جمع کروا سکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل اولین ترجیح ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام میں مکمل شفافیت اور تعمیر کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترقیاتی کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور منصوبوں کی جلد اور موثر تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم آئی ایس سسٹم کے نفاذ سے پبلک سیکٹر تعمیراتی انڈسٹری میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اس سسٹم سے نہ صرف کام کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔ تربیتی پروگرام میں ٹھیکیداروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور اس جدید نظام کو خوش آئند قرار دیا۔ اس اقدام سے لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی اور بہتری آنے کی توقع ہے۔ اس سے نہ صرف سرکاری کاموں میں شفافیت آئے گی بلکہ ٹھیکیداروں کے لیے بھی آسانی پیدا ہوگی۔






