خواتین سہولت ڈیسک کا افتتاح: میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شالیمار زون میں سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور جی آی زیڈ کے تعاون سے مورخہ 25 دسمبر2025 خواتین کے مسائل کے فوری حل اور ان کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL) شالیمار زون میں "خواتین سہولت ڈیسک” کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔
اس افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی محترمہ کنول لیاقت، ایم پی اے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری یونین کونسل، لیڈی کونسلرز، سول سوسائٹی کے اراکین، وکلاء اور میڈیا کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی نے
’’خواتین سہولت ڈیسک کا قیام خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے مسائل کو فوری اور موثر طریقے سے حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔‘‘خواتین سہولت ڈیسک کا بنیادی مقصد خواتین کو مختلف سرکاری سہولیات، قانونی مدد، اور دیگر انتظامی مسائل کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ یہ ڈیسک خواتین کو بلا جھجک اپنے مسائل بیان کرنے کے لیے ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرے گا۔تقریب میں مقررین نے خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے خواتین سہولت ڈیسک کے قیام کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ڈیسک خواتین کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے نمائندوں نے کہا کہ خواتین سہولت ڈیسک نہ صرف شکایات کے اندراج اور حل کے لیے کام کرے گا بلکہ آگاہی مہمات اور خواتین کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز کا بھی انعقاد کرے گا تاکہ انہیں مزید خودمختار بنایا جا سکے۔یہ اقدام حکومت کے خواتین کی بہبود اور ترقی کے وژن کا عکاس ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سے خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ افشاں نازلی، پروگرام ایسوسی ایٹ کی جانب سے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا گیا۔






