وزیر بلدیات کی زیرصدارت اجلاس، لاہور بحالی پلان کی تیاری پر غور

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران لاہور بحالی پلان کی تیاری پر غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) اسداللہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، کمشنر زید بن مقصود اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے لاہور ری ویمپنگ پلان کی ہوم ورکنگ پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر گزشتہ برسوں کے دوران لاہور کے نظرانداز شدہ علاقوں کی بحالی کا جامع پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی پلان کے تحت صوبائی دارالحکومت کے گلی محلوں کے مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹی گلیوں اور سیوریج کی تعمیر و مرمت کا کام پہلے کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے حوالے سے منتخب نمائندوں کی تجاویز کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی شہری اور دیہی آبادی کو یکساں میونسپل خدمات کی فراہمی پر کام ہو رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان کی تیاری کے دوران سکیموں کی ڈپلی کیشن سے گریز کیا جائے۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے ہدایت کی کہ لاہور ری ویمپنگ پلان کو آگے بڑھانے کیلئے متعلقہ محکمے مربوط کام کریں اور پلان کے تمام تکنیکی پہلوئوں کو مدنظر رکھا جائے۔

جواب دیں

Back to top button