پنجاب حکومت کی "پلانٹ فار پاکستان” خصوصی مہم میں ایل ڈی اے پیش پیش ہےاورشہرلاہورمیں شجرکاری مہم شروع کردی گئی ہے۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، پارلیمانی سیکرٹری ایریگیشن محمد فیاض اورڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے سبزہ زارسکیم میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ایم ڈی واسا غفران احمد نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ایل ڈی اے کی طرف سے سبزہ زار میں واگزار کروائی گئی 300 کنال اراضی پر شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہاکہ ایل ڈی اے پلانٹ فار پاکستان مہم میں 2 لاکھ 15 ہزار پودے لگائے گا۔سبزہ زار سکیم میں واگزار کرائی گئی جگہ پر نالے کے گرد شجر کاری کی گئی ہے۔

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہاکہ ایل ڈی اے پرائیویٹ سکیموں کے تعاون سے ڈیڑھ لاکھ پودے بھی لگائے گا۔ ایل ڈی اے شہر کے مختلف علاقوں میں مفت پودے بھی تقسیم کر رہا ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے نے کہاکہ شہری لاہور کو سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے لیے شجرکاری مہم کا حصہ بنیں۔ ہر شہری اپنی آئندہ نسلوں کے لیے کم از کم ایک پورا ضرور لگائے۔ماحولیاتی آلودگی سے قابو پانے کا واحد حل ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ایل ڈی اے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایل ڈی اے کی تمام سکیموں می شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایل ڈی اے سٹی، ایونیو ون، جوہر ٹاؤن اور دیگر سکیموں میں بھی پودے لگائے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گرین اینڈ کلین منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔بعدازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے لیاقت چوک سبزہ زار میں شہریوں میں پودے بھی تقسیم کیے۔شجرکاری کی خصوصی مہم میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر، ڈائریکٹر آ کشن، چیف ٹاؤن پلانر ون، چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ،ہاؤسنگ کے تمام ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر انوائرمنٹ، ڈائریکٹر ہاؤسنگ فور، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔






