ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے یومِ شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر نکالے جانے والے جلوس کے راستوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پلان مرتب کر کے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی ہدایت پر یوم شہادت حضرت علی کی مناسبت سے ہونے والی مجالس اور جلوس کے روٹس پرایل ڈبلیو ایم سی کے 200 سے زائد ورکرز تینوں شفٹوں میں صفائی امور سر انجام ینے کے لیے تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ جلوس سے قبل اور بعد تمام روٹس کی دھلائی اور کنٹینرز کلیئرنس یقینی بنائی جارہی ہے۔مو چی گیٹ،چوک نواب صاحب،لکڑ منڈی بازار،کشمیری بازار،ڈبی بازار،پانی والا تالاب، ترنم چوک، بازارِ حکیماں اوربھاٹی چوک میں ایل ڈبلیو ایم سی کے 90ورکرز صفائی امور سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ایک موریہ پل،اڈہ کراؤن،موچی گھاٹی،شاہ عالمی چوک،اخبار مارکیٹ سرکلر روڈ،انارکلی،اردو بازار چوک،بھاٹی چوک،گامے شاہ، تھانہ لوئر مال، سلیم ماڈل اسکول کچہری چوک، پی ایم جی چوک، جی سی کالج گیٹ،ٹاؤن ہال، آزادی فلائی اوور، موچی گیٹ اورکربلا گامے شاہ میں 110ورکرز تعینات ہیں۔تمام ملحقہ روٹس پر بھی ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ اور مشینری متحرک ہیں۔مزید برآں رمضان المبارک کا خصوصی صفائی آپریشن بھی جاری ہے۔ اعتکاف میں بیٹھنے والے شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے عشرہ ثانی میں ہی شہر کی تمام جامع مساجد کی صفائی و دھلائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ شہر میں سجنے والے 45سے زائد افطار دستر خوانوں کو روزانہ کی بنیاد پر کلیئر کیا جا رہا ہے۔ سی ای او بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ہر موقع پر صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے التماس ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی عملے کا ساتھ دیں۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔






