ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد و دیگر افسران نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ننکانہ صاحب آمد پر خوش آمدید کہا۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی زیرصدارت ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی افسران کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ چوہدری محمد ارشد نے ریونیو، ڈویلپمنٹ، ایجوکیشن اور ہیلتھ پر تفصیلاً بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے وزیراعلی ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ماڈل ویلج کوٹ لہنا داس میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے عید قربان کے حوالے سے مویشی منڈی والی جگہ کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں میں آنے والے جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سپرے کیا جانا چاہیے۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش کا بھی دورہ کیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں سمیت کلینک آن ویلز میں ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کلینک آن ویلز پروگرام کو رورل ایریاز میں خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈینگی ٹیموں کی فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے انتطامی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ خام اشیاءکی قیمتوں میں کمی کے ثمرات پراڈکٹس کی قیمتیں کم کراکے شہریوں کو ریلیف دیں ۔ موٹروے اور جی ٹی روڈ پر فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کاروائیوں کو موثرترین بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر سموگ کے خاتمے کے لیے پلان تشکیل دیں اور ضلع میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے انڈسٹریل یونٹس میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو اہداف کا حصول متعلقہ اے سی کا اولین فرض ہے۔ ریکارڈ کو اپ ڈیٹ بروقت کیا جائے۔ مزید برآں کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے ضلعی افسران کے ہمراہ ڈی سی لان میں پودا بھی لگایا۔






