غیر قانونی مویشی منڈیاں ہرگز قائم نہیں کرنے دی جائیں گی،اوور چارجنگ کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مفاد عامہ میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ترجیحات میں شامل ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں کو خامیوں سے پاک اور معیار کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک مستفید ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں میونسپل کمیٹی ریسٹ ہاؤس میں عوامی کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سننے کے دوران کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عبد الحئی، میان ندیم کے علاؤہ سرکاری محکموں کے مقامی حکام ، مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور ورکرز بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ شہر کو مسائل سے پاک کرنے اور شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کیلئے نکاسی کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے، ڈسکہ شہر کو تین زون میں تقسیم کردیا گیا ہے جہاں نئی سیور لائنز اور ڈرینز تعمیر کی جارہی ہیں وہی پر پہلے سے موجود سیور لائنز اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ جارہی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحٰی کی آمد آمد ہے، مویشیوں کی فروخت کے لئے آنے والے بیوپاریوں کے لئے ہر صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی اور منڈیوں میں ہر ممکن سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ای کیٹل مارکیٹ کا قیام ایک اہم پراجیکٹ ہے، صارفین کی سہولت کیلئے 1233 ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آن لائن خریداری پر پے منٹ آن ڈیلیوری کی سہولت دی گئی ہے،کیٹل مارکیٹس میں صفائی کے معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی کیٹل مارکیٹس ہرگز قائم نہیں کرنے دی جائیں گی۔اوور چارجنگ کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا، ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مارکیٹس کی نگرانی کی جائے گی۔ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر 20 ماڈل مارکیٹس قائم کی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول ڈسکہ میں ٹف ٹائلز لگانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ پرنسپل منظور گھمن نے صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کو سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت فرش کی مرمت اور ٹائلز ورک کروایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکول میں 3 ہزار بچیاں زیر تعلیم ہیں۔ کلاس رومز اور فرنیچر کی شدید کمی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ سکول کے اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت منصوبہ مکمل کر کے قابل تحسین عمل انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کو مسنگ سہولیات کی فراہمی اور کلاس رومز کی تعمیر اور دیگر ڈویلپمنٹ ورک کو کروایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button