ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ حالیہ اجلاس میں، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر نواز، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے شرکت کی، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے اس پروگرام کو مکمل شفافیت کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور پروگرام کا پہلا مرحلہ 30 جون 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام تعمیراتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہئیں۔ انہوں نے غیر قانونی تاروں کو ہٹانے اور بکھری ہوئی تاروں کی منظم کلپنگ کی بھی ہدایت کی تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔ اسی طرح، گلیوں میں نکھار لانے کے لیے غیر قانونی تھڑوں اور شیڈز کو مسمار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ واسا کو سیوریج سسٹم کے ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ٹائم لائن، شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا اور معیاری کام سے شہری لمبے عرصے تک فائدہ اٹھا سکیں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ کوششیں شہر کی بنیادی ڈھانچے کی بہتری، شہری سہولیات میں اضافے اور لاہور کے مجموعی معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے اہم قدم ہیں۔






