*کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے میں پاکستان کی پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری کا افتتاح*

اسلام آباد: کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے نے دوسری پاکستان اوبیسٹی ویک کا اہتمام کیا۔ جس کے دوران ملک میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری ورکشاپ کا انعقاد ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اس تاریخی تقریب کا افتتاح چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن طلعت محمود اور ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ نے کیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں اور سی ڈی اے کے ملازمین کو بہتر سے بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ جس دن ڈاکٹر نعیم تاج سی ڈی اے ہسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہوئے میں نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میں سی ڈی اے کو روبوٹک بیریاٹرک سرجری کے افتتاح کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، جو پاکستان میں پہلی بار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں سی ڈی اے ہسپتال کو جو ترقی ملی ہے، وہ سی ڈی اے ہسپتال کی تاریخ میں ایک اہم کارنامہ اور سنگ میل ثابت ہوگی، خاص طور پر اس دور میں جب ہمارے اردگرد بہت سے سرکاری اور نجی ہسپتال موجود ہیں۔ سی ڈی اے ہسپتال نہ صرف مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین خدمات کو برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ طبی سہولیات کے معیار کو بھی بلند اور بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم مزید بہتری کیلئے ہمیشہ گنجائش موجود ہوتی ہے، ہم اپنی پیشہ ور اور انتہائی پر عزم ٹیم کے ساتھ ملکر سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے شہریوں کو جدید ترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ڈی اے ہسپتال کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے ہسپتال میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری متعارف کرائی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول سی سی یو اور آئی سی یو کا دورہ کیا اور مریضوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ مریضوں نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ذاتی طور پر ان کی عیادت کرنے اور ان کی خیریت دریافت کرنے پر چیرمین سی ڈی اے کی تعریف کی۔ مریضوں نے ممبر ایڈمن طلعت محمود کی نگرانی میں سی ڈی اے ہسپتال کی خدمات کو سراہا۔قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال ڈاکٹر نعیم تاج نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی تعریف کی اور مستقبل میں روبوٹک سرجری کے انقلابی کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹک معاونت سے کی جانے والی سرجری سرجن کو بہتر صحت، بڑھی ہوئی مہارت اور بہتر ارگونومکس فراہم کرتی ہے، جبکہ مریضوں کو چھوٹے چیرے، کم خون بہنے، کم بعد از سرجری درد، مختصر ہسپتال قیام اور تیزی سے صحت یابی جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔اویبسٹی ویک کے منتظم ڈاکٹر تنصیر اصغر نے ہفتہ بھر کے پروگرام کا جائزہ پیش کیا، جس میں لائیو سرجری ڈیمونسٹریشنز، عملی ورکشاپس، علمی نشستیں اور تعاملی کیس ڈسکشنز شامل تھیں۔ انہوں نے مختلف قسم کی بیریئٹرک سرجریز کے بارے میں آگاہی فراہم کی اور پروگرام کے ہنر کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون میں کردار پر زور دیا۔ڈاکٹر سرتاج علی نے پہلے ہفتہ کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے کیپیٹل ہسپتال میں گزشتہ ایک سال کے دوران بیریئٹرک خدمات میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع کی موجودگی نے مزید وقار بخشا، جنہوں نے اس اقدام کی تعریف کی اور کیپیٹل ہسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ پروگرامز کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا جس سے سی پی ایس پی کی سرجری کی تعلیم اور صلاحیت کی تعمیر میں پیش رفت کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔پاکستان، متحدہ عرب امارات، تائیوان اور ترکی کے نامور بیریئٹرک سرجنز نے تقریب میں شرکت کی اور لائیو سرجریز انجام دیں اور علم کے تبادلے اور بین الاقوامی تعاون میں اپنا کردار ادا کیا۔اپنے اختتامی کلمات میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوہ نے صحت کی دیکھ بھال میں تعلیمی معیار اور تحقیق کی ضروت پر زور دیتے ہوئے اپنے عزم کی تجدید کی کہ کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے میں ایسے اقدامات کو وسعت دینے کے منصوبوں کا اعلان کیاگیا ہے تاکہ جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صحت کی بہترین سہولیات مریضوں کو فراہم کی جا سکیں ۔ 

واضح رہے یہ تقریب کیپیٹل ہسپتال کو جدید بیریئٹرک اور روبوٹک سرجری کے قومی مرکز کے طور پر متعارف کروانے میں ایک بڑی پیش رفت ہے اور پاکستان کے عالمی سرجری کمیونٹی میں بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button