ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم ڈی واسا لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ممکنہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر صوبے بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ایمرجنسی حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔

اجلاس میں مختلف شہروں میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے حوالے سے فوری اور مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ تمام ایم ڈیز نے اپنی اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی اور ایمرجنسی صورتحال میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا۔ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے ہدایت دی کہ تمام مشینری کو مکمل طور پر فعال اور آپریشنل رکھا جائے۔صوبے بھر کے واسا دفاتر اپنے جنریٹرز اور واٹر ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر رکھیں۔اس کے علاوہ عملے کی 24/7 شفٹوں میں حاضری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی وقت فوری رسپانس ممکن ہو۔ایمرجنسی کنٹرول رومز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ایمرجنسی کی صورت میں پانی کی ترسیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ڈی جی واسا پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ مشینری کے لیے فیول کی بلاتعطل فراہمی کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔عوام کو بروقت آگاہی دینے کے لیے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کا مؤثر استعمال کیا جائے۔ڈی جی واسا پنجاب نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام افسران و عملہ ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ واسا پنجاب عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن تیار ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔






