محکمہ لوکل گورنمنٹ نے میڈیا پرنشر ہونے والی خبر بعنوان *”مریم نواز ان ایکشن: اہم ترین پراجیکٹ کا کنٹریکٹ منسوخ”* کی تردید کر دی

محکمہ بلدیات پنجاب کے ترجمان کے مطابق خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ واٹر سپلائی پراجیکٹ کے پیکج 2 اور پیکج 3 کے کنٹریکٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں، جو سراسر غلط اور حقائق کے منافی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے قائم پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی (PSC) کے اجلاس میں جاری کردہ منٹس میں کہیں بھی ان پیکجز کے کنٹریکٹس کی منسوخی یا معطلی کا ذکر نہیں کیا گیا۔ منٹس کے صفحہ 6 پر فیصلوں کے حصے میں صرف یہ مشورہ دیا گیا کہ ماضی میں پیکج 2 اور پیکج 3 کو دوبارہ ٹینڈر کیا جانا چاہیے تھا، جو ایک مشاورتی رائے تھی، نہ کہ کوئی باقاعدہ فیصلہ یا قانونی ہدایت۔

علاوہ ازیں، ان دونوں پیکجز کے ٹھیکے راولپنڈی واسا کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر اور پراجیکٹ کوآرڈینیشن ایجنسی کے پروگرام ڈائریکٹر کی منظوری کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کو جمع کرائے جا چکے ہیں اور قانونی تقاضے مکمل ہونے پر انہیں باقاعدہ طور پر منظور بھی کیا گیا، جس کی تمام متعلقہ دستاویزات موجود ہیں۔میڈیا اداروں سے گزارش ہے کہ کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی مکمل تحقیق اور حقائق کی تصدیق کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

Back to top button