ایل ڈی اے ایونیوون متاثرین کو بڑی خوشخبری مل گئی اورعرصہ دراز سے ایل ڈی اے ایونیو ون کے متاثرین کو ملا ریلیف، قبضہ مافیا سے واگزار پلاٹ متاثرین میں تقسیم کر دیئے گئے۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد سے ایل ڈی اے ایونیو ون کے متاثرین نے ملاقات کی ۔اس موقع پر ایونیو ون کے 35متاثرین کو ایک ایک کنال کے پلاٹوں کے پوزیشن لیٹر دیئے گئے۔ایونیو ون متاثرین نے دیرینہ مسئلہ حل کرانے پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا شکریہ ادا کیا۔

وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمدنے کہا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون سکیم میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون میں رہائشیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ایل ڈی اے لیگل ٹیم، سنیئر لیگل ایڈوائزر اور ڈائریکٹر ایل ڈی اے ایونیو ون عمر صہیب کی کاوشوں کو سراہا۔واضح رہے کہ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایونیو ون میں زیر التواقانونی کیسزمیں ایل ڈی اے لیگل ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کی تھی اور یہ کیس جیتاتھا اورکچھ روز قبل ایل ڈی اے ٹیموں نے ایونیو ون میں گرینڈ آپریشن کر کے 35پلاٹس کلیئر کروائے تھے۔ آپریشن کے دوران 400 مویشیوں کو سوسائٹی سے باہر منتقل کیاگیا۔ایونیون ون کے رہائشیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی نسبت ایل ڈی اے ایونیو ون کے ترقیاتی کاموں، گرین بیلٹس و دیگر سہولیات بہتر ہوئی ہیں۔ سکیم سے مویشیوں کا اخراج اور تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک احسن اقدام ہے۔ ملاقات میں ایڈیشنل ڈی جی یوپی خرم شہزاد، ڈائریکٹر ایل ڈی اے ایونیو ون عمر صہیب اور سنیئر لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ مظفر نے شرکت کی۔ملاقات میں ایل ڈی اے ایونیو ون کے رہائشیوں نے اپنے مسائل بیان کیے۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ایڈیشنل ڈی جی یو پی کو رہائشیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔






