سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب حکومت کا رمضان المبارک میں مہنگائی مافیا کے خلاف بڑا ایکشن شروع کیا گیا ہے اور رمضان کے دوران پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کے استحکام کے لیے نیا سرکاری حکم نامہ جاری کر دیا گیاہے-انہوں نے بتایا کہ رمضان میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کا تعین 20 شعبان کے نرخوں کو بیس پرائس قرار دے دیا گیاہے اور رمضان کے ماہ مقدس میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں اور اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل پیرا کو باقاعدہ تحریری طور پر احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ رمضان کے دوران ہول سیل مارکیٹوں اور گوداموں کی چیکنگ کے ذریعے ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ یقینی بنائیں اور موثر انفورسمنٹ کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں-ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ رمضان کی آمد سے قبل پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو 5 سے 12 فروری تک پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس بلانے کی ہداہت بھی جاری کر دی گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ رمضان کے دوران مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکرٹریز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر نرخ نامے نافذ کرنے کے پابند ہوں گے -انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نیلامی اور ریٹیل پوائنٹس کی کڑی نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو اشیائے خورونوش کی ہر ممکن فراہمی یقینی بنائی جا سکے –






