وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈویژنل انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

ہزارہ ڈویژن کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ہزارہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزیر اعلٰی علی امین خان گنڈاپور کا پسماندہ تحصیل آلائی کے عوام کے لئے اہم اقدام۔ ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔عوامی نمائندوں نےبٹگرام کے منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے وزیر اعلٰی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آلائی کو ضلع کا درجہ دینا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اشد ضرورت تھی۔ اس فیصلے پر علاقے کی عوام کی طرف سے وزیر اعلٰی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چئیرمین عمران خان نے تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا، بانی چئیرمین کے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانا ضروری تھا، ضلع کا درجہ ملنے سے آلائی کی پسماندگی اور لوگوں کے مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، اگلے بجٹ میں آلائی کو ضلع بنانے کے لئے درکار فنڈز مختص کئے جائیں۔






