ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا علامہ اقبال تحصیل کا دوہ، "کلین لاہور مشن” میں نمایاں پیش رفت

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں، ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحصیل علامہ اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی اور سیوریج کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلین لاہور مشن” کو کامیاب بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

دورے کے دوران، اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹاؤن نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کو سیوریج، صفائی اور انتظامی امور پر جامع بریفنگ دی۔ چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیہ اور اے سی علامہ اقبال ٹاؤن سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے گلزار کالونی اور کریم بلاک سمیت ملحقہ علاقوں کا معائنہ کیا اور زمینی حقائق کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلین لاہور مشن” کو کامیاب بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے حکام کو ہدایت کی کہ روزمرہ کے معمولات شروع ہونے سے قبل صفائی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ صفائی کے انتظامات کو بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایل ڈبلیو ایم حکام کو صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی اور یہ واضح کیا کہ کوڑے کو آگ لگانا سختی سے روکا جائے، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں شہری شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ یہ اقدامات لاہور کو ایک صحت مند اور سرسبز شہر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔

جواب دیں

Back to top button