ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ: شفافیت اور بروقت تکمیل اولین ترجیح

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، ایم ڈی واسا، سی او ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ایم ڈی واسا اور اسسٹنٹ کمشنرز نے اجلاس کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام ترقیاتی کاموں کو بروقت اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کو ایک ترقی یافتہ اور ماڈل شہر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ ان میں 100 فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واسا کو سیوریج سسٹم کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ سید موسیٰ رضا نے یہ بھی حکم دیا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران کسی بھی قسم کی تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے، اور گلیوں کی خوبصورتی اور نکھار کے لیے غیر قانونی تھڑوں اور شیڈز کو مسمار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کا معیار دیرپا ہونا چاہیے اور ان سے شہریوں کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچنا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے نیسپاک کو تمام منصوبوں کے معیار کی باقاعدہ نگرانی کا حکم دیا تاکہ کام میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ وقت اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سید موسیٰ رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ون کی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک مضبوط اور جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔

جواب دیں

Back to top button