عیدِ قرباں کی آمد کے پیشِ نظر شہر کی ہر گلی اور محلے میں تعفن سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کے شہر بھر میں ہنگامی دورے جاری ہیں۔عیدالالضحیٰ کی مناسبت سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے بابر صاحب دین اچانک داتا گنج بخش ٹاؤن پہنچ گئے۔

کرشن نگر، سنت نگر، اسلام پور ہ میں گلی محلوں، بازاروں، مین شاہراہوں پر عید قربان سے قبل کیے جانے والے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔سخت گرمی اور چلچلاتی دھوپ میں کام کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز سے ملاقات کر کے حوصلہ افزائی کی۔آپریشن ٹیموں کو روڈ سائیڈ سے مٹی ہٹانے کیلئے فوری سکریپنگ کرنے اورعید سے قبل تمام یو ٹرنز، بس اسٹاپس، پیڈسٹرین بریجز کی سویپنگ اور دھلائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔سی ای او بابر صاحب دین نے داتا دربار، راوی روڈ، آزادی فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔بابا گراؤنڈ، ابدالی رود، ساندہ روڈکے رہائشیوں اور دوکانداروں سے صفائی انتظامات کے بارے میں بات چیت کی۔لٹرنگ کرنے والے دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی اور شاپرز ریپرز اکٹھے کر کے ورکرز کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی کی۔صفائی انتظامات کے حوالے سے شہریوں نے مثبت ردِعمل کا تاثر دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت صفائی سہولیات کی فراہمی بہت بہتر ہو چکی ہیں۔ سی ای اوایل ڈبلیو ایم سی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاہوریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف ستھرا رکھنے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کا ساتھ دیں۔ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے اور تجاویز کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔






