کمشنر لاہور ڈویژن کی زیر صدارت عیدالاضحی انتظامات، صفائی، بسوں کا کرایہ کریک ڈاون کے حوالے سے اعلٰی سطحی ڈویژنل رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عیدالضحی پر سکیورٹی، منڈیوں میں متفرق انتظامات، اور صفائی جامع آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز، چاروں اضلاع کے ڈی سیز اور لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران نے عید الاضحیٰ انتظامات اور آلائشوں سے پاک ڈویژن مشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی سے پہلے سارے شہر کو زیرو ویسٹ کیا جائیگا اور تین شفٹوں میں صفائی ورکرز ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، لاہور میں عیدالاضحی پر اوسط 50ہزار تا 60ہزار ٹن آلائشوں کو اٹھایا جاتا ہے۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ تمام مساجد و نماز عیدالاضحی والے مقامات پر سکیورٹی پلان فائنل ہیں۔کمشنر لاہور ڈویژن نے چاروں اضلاع کے ڈی سیز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آلائشوں سے پاک ڈویژن مشن کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، لاہور ڈویژن بھر کی منڈیوں میں جانور خریداروں کو آلائشیں رکھنے کیلئے بیگز منڈیوں سے ہی دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کسی نہر یا نالے میں آلائشیں پھینکنے کی اجازت نہیں ہے، اس کے خلاف موثر نگرانی اور سخت کاروائی کریں، کمشنر لاہور نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں سے لاہور شہر کی نگرانی ہوگی اور آلائشوں کو فوری ہٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر صفائی کے حوالے سے ہر شکایت کا ازالہ بروقت کریں، کنٹرول سنٹرز مکمل فعال کریں، عیدالضحی پر تمام اضلاع میں بھی لاہور سطح کے اسٹینڈرڈز کیمطابق ہی صفائی مانیٹرنگ ہوگی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ بسوں و وینز اڈوں کو سکواڈز سے چیک کرائیں، زائد کرایہ وصولی نہیں ہونی چاہئیے۔ 
اجلاس میں ڈی سی لاہور سید موسی رضا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر فیصل کامران، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ڈی سی شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ، ڈی سی ننکانہ راو تسلیم، ڈی سی قصور عمران علی، سی ای او بابر صاحبدین، سی او ایم سی ایل شاہد کاٹھیا، ایم ڈی واسا غفران احمد، ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے ذیشان رانجھا سمیت لائیوسٹاک، ریسکیو، کیٹل مینیجمنٹ کمپنی، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔






