روڈا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے چین و دیگر انٹر نیشنل اداروں سے اشتراک کار کا فیصلہ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اورمحمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس

روڈا کے پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے چین اور دیگر انٹر نیشنل اداروں سے اشتراک کار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے روڈا میں ماسٹر پلان پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور روڈا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اورپاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں روڈا میں فارسٹ ایریا بیس فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔روڈا پراجیکٹ ٹوئن سٹی میں انٹرنیشنل لیول کا ائیر پورٹ بنانے کی تجویز، روڈا میں دریا راوی کی صفائی اور دریا کا پاٹ ہزار میٹر سے زائد چوڑا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈافارسٹ ایریا میں تعمیرات پر پابندی کے قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت دی۔ اجلاس میں روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کے لئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق سی ای او عمران امین نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین جھیلوں میں 117ارب گیلن پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔روڈا نیو سٹی میں بننے والی جھیلوں کی وجہ لاہور کا گراؤنڈ واٹر500 کیوبک فٹ فی سیکنڈ چارج ہوگا۔ بیراج کے ذریعے 5لاکھ 86ہزار کیوسک فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔راوی میں آنے والے سیوریج واٹر ڈرین سے پانی کی صفائی کے لئے 8-ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے۔ روڈا پراجیکٹ میں آنے والے گاؤں کو ماڈل ویلج بنایا جائے گا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا پلان بنایا،بعد میں آنے والوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ لاہور کے فیوچر پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ روڈا تمام پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،سی ای او روڈا عمران امین اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button