مویشی منڈیوں کی آمدن متعلقہ بلدیاتی اداروں کو منتقل کی جائے گی،اس حوالے سے قانون سازی کر رہے ہیں۔

لاہور(بلدیات ٹائمز)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کی سالانہ آمدن متعلقہ بلدیاتی اداروں کو منتقل کی جائے گی اس سلسلہ میں قانون سازی کر رہے ہیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔بلدیاتی اداروں کے ذرائع آمدن اور وسائل میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہاکہ کہ جب پنجاب کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی بنیاد رکھی گئی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف جو اس وقت وزیر اعلٰی تھے کا مقصد ہی یہی تھا کہ مویشی منڈیوں میں کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔بیوپاریوں ،خریداروں اور شہریوں کو مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پی ٹی آئی کی پنجاب میں بزدار حکومت نے 2020 میں مویشی منڈیوں میں دوبارہ فیس شروع کی سہولیات پر بھی پیسے لئے گئے پانچ سو روپے بڑے اور ایک سو روپے چھوٹے جانور پر فیس مقرر کی گئی باقی چارجز الگ ہیں یہی فیس ابھی تک چل رہی ہے۔پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تین لوکل گورنمنٹ ایکٹ بنایا گئے کسی میں بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالی طور پر مضبوط اور مویشی منڈیوں کو فری کرنے کے لئے قانون سازی نہیں کی گئی اگر پی ٹی آئی کی حکومت مویشی منڈیوں کو کمائی کا ذریعہ نہ بناتی تو پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو فیس لاگو کرنے کی ضرورت نہ پڑتی اب وزیر اعلٰی مریم نواز شریف کی طرف سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی قانون سازی کر رہی ہے جس کے بعد مویشی منڈیوں کی آمدن سے شیئر متعلقہ بلدیاتی اداروں کو منتقل ہو جائے گا اور ان کے ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں شکایات کے لئے ہیلپ لائن و شکایت نمبرز موجود ہیں کسی بھی شکایات کے فوری ازالے کے لئے متعلقہ افسران و ملازمین کو سخت ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button