کام کے دوران دم گھٹنے سے تین سینٹری ورکرز کی موت،چیف آفیسر بھلوال معطل،وزیر بلدیات کا ہنگامی دورہ سرگودھا

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے سرگودھا کا ہنگامی دورہ کیا اور بھلوال کے علاقے میں کام کے دوران دم گھٹنے سے 3 سینٹری ورکرز کی موت کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ اقلیتی ارکان پنجاب اسمبلی سونیا عاشق، عمونئیل آرتھر، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر بھی ساتھ تھے۔ کمشنر سرگودھا آفس میں اجلاس کے دوران کمشنر اجمل بھٹی نے صوبائی وزرا کو المناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ وزیر بلدیات نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تفصیلی رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق سینٹری ورکرز کے پسماندگان کو مالی امداد دے گی جبکہ بیہوش ہونے والے دیگر سینٹری ورکرز کا علاج سرکاری خرچے پر کیا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ سینٹری ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر بلدیات نے متعلقہ کنٹریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور گرفتاری کا حکم دیا جبکہ چیف آفیسر بلدیہ بھلوال علی فرقان اور ٹی او امتیاز فاروق کو غفلت اور نااہلی کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے المناک واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ ان کے ساتھ ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے ہدایت کی کہ سینٹری ورکرز کو دوران ڈیوٹی حفاظتی آلات لازمی فراہم کئے جائیں۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے کمشنر سرگودھا کو متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کا کیس جلد بھجوانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے اسسٹنٹ کمشنر بھلوال آفس میں صوبائی وزرا کو واقعے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے چیف آفیسر بلدیہ بھلوال کی رپورٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کی سرزنش کی۔ بعدازاں صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے جاں بحق سینٹری ورکرز کے ورثا سے بھی ملاقات کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وزیراعلی مریم نواز شریف کی جانب سے ہر جاں بحق سینٹری ورکر کے خاندان کو 30، 30 لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی دیے گئے۔ وزیراعلی نے تینوں خاندانوں کو ریٹائرمنٹ کی عمر تک کے لئے ماہانہ تنخواہ اور پھر پنشن دینے کا بھی اعلان کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حفاظتی آلات ہونے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے تمام انتظامی افسروں کو پیغام دیا کہ وہ حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنائیں ورنہ ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر یہاں آئے۔ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں پھر بھی پنجاب حکومت نے غمزدہ خاندانوں کی اشک شوئی کی ہر ممکن کوشش کی۔

جواب دیں

Back to top button