*وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں پہلی کمپوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا*

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) میں صوبے کی پہلی کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (سی بی ٹی) لیب کا افتتاح کیا جو بھرتیوں کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ جدید لیب 500 ٹیبلٹس سے لیس ہے اور روزانہ 2,000 امیدواروں کو ٹیسٹ دینے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس نظام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، انسانی غلطیوں کو کم کرنا اور فوری نتائج فراہم کرنا ہے۔تقریب کی میزبانی ایس پی ایس سی کے چیئرمین محمد وسیم نے کی جبکہ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور جام خان شورو بھی شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نےتختی کی نقاب کشائی کی اور خود بھی ایک نمائشی امتحان میں حصہ لیا جس میں انہوں نے 20 میں سے 18 نمبر حاصل کیے۔ شرجیل انعام میمن نے بھی نمائشی امتحان پاس کیا جس سے نظام کی افادیت ظاہر ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد شاہ نے شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کے لیے ایس پی ایس سی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام مثالی ہے۔ عوامی اداروں کی بہتری کے لیے اہل ترین افراد کی تعیناتی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے امتحانی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن کو ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جو بھرتیوں کے طریقہ کار کو بہتر بنائے گا اور میرٹ کو یقینی بنائے گا۔اس کے بعد وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر ایس پی ایس سی سیکریٹریٹ کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں سیکریٹری ورکس نواز سہو نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 2 ارب 51 کروڑ 74 لاکھ 30 ہزار روپے ہے، جس میں سے اب تک 2 ارب 25 کروڑ 72 لاکھ 42 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں۔مالی سال 2025-26 کے لیے مزید 25 کروڑ 84 لاکھ روپے درکار ہیں، جس پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت دی۔نئے کمپلیکس میں بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور پانچ اضافی منزلیں شامل ہوں گی جن میں دفاتر، آڈیٹوریم، کتب خانہ، کیفےٹیریا اور نماز کی جگہ سمیت مختلف سہولیات موجود ہوں گی۔ ڈیجیٹل لائبریری میں بیک وقت 300 امیدواروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی جبکہ تیسری منزل پر واقع مخصوص آڈیٹوریم امتحانات، پروگرامز، ورکشاپس اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کے لیے استعمال ہو گا جس سے باہر کے مقامات پر انحصار کم ہو گا۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ منصوبہ کسی تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس قسم کی انفراسٹرکچر کی بہتری اداروں کو مضبوط بنانے اور بھرتیوں کے عمل میں شفافیت قائم رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ کو ایس پی ایس سی کی کارکردگی اور انتظامی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے دوران 100 سے زائد ملازمین کو ترقی دی گئی ہے جبکہ تنخواہوں اور دفتر کی تزئین و آرائش میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایس پی ایس سی کو درپیش تاریخی چیلنجز کا اعتراف کیا اور چیئرمین محمد وسیم کی دیانتدارانہ قیادت اور انتھک محنت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میں ہر صوبائی محکموں میں بہترین افسر چاہتا ہوں اور یہ تبھی ممکن ہے جب کمیشن مضبوط اور شفاف ہو۔ انہوں نے ایس پی ایس سی کو ہدایت دی کہ ڈاکٹروں، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد کے ٹیسٹ جلد از جلد منعقد کیے جائیں۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے آخر میں کہا کہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ لیب کا قیام شفافیت اور کارکردگی کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور اپنی حکومت کی بھرتیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے عزم کو دہرایا۔

جواب دیں

Back to top button