وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کیلئے واسا پنجاب کو بھرپور متحرک کردیا گیا ہے،صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کا اعلٰی سطحی اجلاس ہوا،وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور تمام اضلاع کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے شرکت کی، واسا پنجاب کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج نظام، اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے،وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے تمام نئے ایم ڈیز کو عوامی ریلیف کو اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی،نکاسی آب کے مسائل اور شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ وزٹس کو باقاعدگی سے یقینی بنایا جائے،

بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ پرانے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور مشینری کی مرمت پر فوری توجہ دی جائے گی، واسا لاہور کے ماڈل کو رول ماڈل سمجھا جائے، نئے ایم ڈیز اسی طرز پر اپنے علاقوں میں کام کریں،حساس علاقوں میں لائیو کیمرے نصب کیے جائیں اور ڈسپوزل اسٹیشنز پر متبادل توانائی کے ذرائع فراہم کیے جائیں، اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے کہا کہ تمام واساز کیلئے ڈیجیٹل سسٹمز کی تیاری، کال سینٹرز اور ہیلپ لائنز کی برانڈنگ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔ نالوں کی مؤثر صفائی کے لیے ڈی سیلٹنگ مہم جنگی بنیادوں پر شروع کی جائے گی، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز کا کہنا تھا کہ تمام ایم ڈیز سٹاف کو یونیفارم میں ڈیوٹیز کو یقینی بنائیں گے،ٹیم ورک، شفافیت اور کارکردگی ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔






