*ایل ڈی پی فیز ٹو: لاہور کے تین زونز میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری*

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے میں یکساں ترقی کا سفر تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) فیز ٹو کے تحت لاہور کے تین اہم زونز میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ایل ڈی پی فیز ٹو کے تحت واہگہ، عزیز بھٹی اور علامہ اقبال ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ فیز ٹو میں مجموعی طور پر 290 کلومیٹر سیوریج لائنز میں سے 190 کلومیٹر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ 310 کلومیٹر واٹر سپلائی نیٹ ورک میں سے 170 کلومیٹر تک کام پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ترجمان کے مطابق ڈیپینڈنٹ گلیوں میں سے 800 گلیوں کا ترقیاتی کام مکمل کر کے انہیں ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ انڈیپینڈنٹ گلیوں میں سے 300 گلیوں میں واسا نے خود ترقیاتی کام مکمل کر لیا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت پر منصوبوں کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔ واسا کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا تمام کام 30 اپریل 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق دن اور رات کے اوقات میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو الگ الگ مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ مقررہ مدت میں منصوبے مکمل کیے جا سکیں۔ شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔گہری کھدائی کے مقامات پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے سائن بورڈز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں ایستھیٹکس کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں میں معیاری تعمیر اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button