وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی تحفظ اور محفوظ پنجاب کے وژن کی روشنی میں واسا لاہور شہر بھر میں فائر سیفٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔اسی سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،

جس میں واسا لاہور کی جانب سے شہر بھر میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا لاہور شہر کے مختلف حساس اور اہم مقامات پر فائر سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے 108 مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کرے گا۔ اس ضمن میں ہدایات جاری کی گئیں کہ شہر بھر میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا عمل مقررہ وقت میں ہر صورت مکمل کیا جائے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں موجود تمام کمرشل پلازوں کو اپنی عمارتوں میں ذاتی فائر سیفٹی انتظامات، بشمول فائر ہائیڈرنٹس، کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور نے تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز کو واسا لاہور کے لاری ہائیڈرنٹس کی مکمل ورکنگ فوری طور پر چیک کروانے کی ہدایت کی، جبکہ تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو لاری ہائیڈرنٹس کی تعداد میں اضافہ یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ایم ڈی واسا لاہور نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب اور واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے۔






