پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ادارہ شماریات پنجاب کے باہمی اشتراک سے ڈیٹا حب بارے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے عبد اللہ خان سنبل آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے موثر پالیسیوں کی تشکیل اور گورننس میں شفافیت کو فروغ دینے میں ڈیٹاحب کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درست اور بروقت ڈیٹا فیصلہ سازی میں معاون اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس سے عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت کو ممکن بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ڈی جی آئی ٹی سلوشنز پی آئی ٹی بی وقار قریشی نے ڈیٹا حب پورٹل کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ مختلف زرائع سے حاصل شدہ مستند ڈیٹا سرکاری محکموں جاری منصوبوں بارے موثر فیصلہ سازی میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے

ڈائریکٹر جنرل ادارہ شماریات ساجد رسول نے بھی باخبر پالیسی سازی میں شماریاتی ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیا۔ اور عوامی مفاد میں مؤثر پالیسیاں بنانے کے لیے درست ڈیٹا کی اہمیت بارے آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام محمد احمد رجوانہ نے کہا کہ PRMP افسران کی صلاحیت کو بڑھانے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے تربیتی سیشنز کا انعقاد جاری رکھے گا۔ورکشاپ میں پی اینڈ ڈی بورڈ کے سینئر افسران، اسسٹنٹ چیف اور پلاننگ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔






