ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل نشتر کا دورہ،صفائی اور انتظامی خدمات کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کی ترقی اور صفائی کے لیے اپنی کاوشوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔ لاہور کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا مشن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے تحصیل نشتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی اور انتظامی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اے ڈی سی جی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی نے اٹاری دربار روڈ اور رنگ روڈ کے اطراف کا معائنہ کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کو صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف سخت آپریشنز شروع کیے ہیں تاکہ شہر کو کشادہ اور خوبصورت بنایا جا سکے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کی ان کوششوں سے نہ صرف شہر کا ماحول بہتر ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button