پیشگوئی کے مطابق کراچی شہر میں شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ صرف 12 گھنٹوں میں شہر میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی بروقت ہدایات اور اقدامات کی بدولت شہر میں معمولات زندگی جلد بحال ہوگئے۔میئر کی ہدایت پر میونسپل سروسز ڈیپارٹمنٹ شہر بھر میں نالوں کی صفائی کے عمل میں سرگرم رہا۔ اس کے نتیجے میں شاہراہ فیصل، سب میرین انڈر پاس، کے پی ٹی انڈر پاس، مہران انڈر پاس، شون سرکل انڈر پاس، کلفٹن انڈر پاس اور ڈرگ روڈ انڈر پاس سمیت اہم شاہراہوں کو فوری طور پر صاف کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ اہم مقامات پر پہلے ہی نکاسی آب کے لیے پمپنگ وہیکلز تعینات کر دیے گئے تھے جس سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہوئی۔پورے دن کے دوران میئر کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ذھری نالہ، سولجر بازار، پاک کالونی سمیت بڑے نالوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کی تاکہ پانی کا بہاؤ بلا تعطل جاری رہے اور بر وقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔شاہراہ فیصل پر چاکنگ نالے پر میئرکراچی نے خود تین گھنٹے تک صفائی کے کام کی نگرانی کی۔ بروقت اقدامات کے نتیجے میں نکاسی آب کا نظام بحال ہوا اور پانی کامیابی سے نکال دیا گیا۔بارش ایمرجنسی کے پیش نظر دو خصوصی مانیٹرنگ سیلز قائم کیے گئے — ایک کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) میں اور دوسرا کے ایم سی میونسپل سروسز ڈیپارٹمنٹ ہیڈ آفس میں۔ یہ سیلز دن رات کام کریں گے تاکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور ایمرجنسی اقدامات کی فوری ہم آہنگی ممکن ہو سکے۔میئر کراچی نے سٹی وارڈنز ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے عملے اور مشینری کو بارش سے متاثرہ علاقوں میں تعینات کریں۔ یہ ٹیمیں مون سون کے دوران عوام کو امداد فراہم کرنے اور سہولت پہنچانے کی ذمہ دار ہوں گی اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے دستیاب رہیں گی۔میئر کے دوروں کے دوران سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے جن میں ایس۔ ایم۔ افضل زیدی (پی اے ایس، ایم سی کے ایم سی)، گلزار ابڑو (ایف اے کے ایم سی)، عبدالحنان بھٹو (سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز)، دانیال سیال (ڈائریکٹر میڈیا) اور کے ایم سی کے دیگر سینئر افسران شامل تھے۔

میئر کراچی نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ اور شہری سیلاب کے مسائل کو کم سے کم کرنے کے لیے کے ایم سی کا تمام شہری نظام مون سون کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گا۔






