بچوں کی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ، متاثرین کی باعزت گھروں کو واپسی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شاہ پور کا نجراں میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کر کے ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹاؤن شبیر طارق بھی ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور نے کیمپ میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں کیمپ کے انتظامات پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ متاثرین کو دن میں تین وقت پکا ہوا کھانا باعزت طریقے سے دیا جا رہا ہے۔ بچوں کے لیے دودھ کی فراہمی اور تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل کیمپ، کلاس رومز اور رہائشی حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ کھانے کے معیار اور صفائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور متاثرین کی باعزت گھروں کو واپسی اولین ترجیح ہو۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایک ٹیم کی طرح عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بحالی کے کاموں میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ کی ان کوششوں سے متاثرین کی بحالی کا عمل تیز ہوا ہے۔

جواب دیں

Back to top button