لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری خرم ورک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر، ڈی جی لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان، ڈی جی لوکل گورنمنٹ انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ علی عباس بخاری، چیف انجینئر عامر بٹ،فرمائش علی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر کا کمپلیکس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے تزئین و آرائش کے مکمل شدہ کام پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیز ون اور ٹو کے تحت 36 سال پرانی بلڈنگ کی مرمت و آرائش کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق عمارت کی سولرائزیشن کی گئی ہے جبکہ دو نئی لفٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اس سکیم کے تحت لوکل گورنمنٹ بورڈ کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے۔ اسی طرح کمیٹی روم کی تزئین نو سے محکمے کی استعداد کار میں بہتری آئے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر فیز ون اور ٹو مکمل ہوگئے۔ وزیر بلدیات نے بورڈ بلڈنگ میں آئی ٹی پر مبنی کنٹرول روم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے تمام یونین کونسلز کی بلڈنگ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ تمام یونین کونسلز کی بلڈنگ کا ڈیزائن ایک ہونا چاہیئے۔ صوبائی کنٹرول روم کو یونین کونسلوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ محکمہ بلدیات یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو انٹرن شپ بھی کرائے گا۔ اس حوالے سے سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یوز کئے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مریم نواز حکومت سے پہلے محکمہ بلدیات میں اتنا زیادہ کام کبھی نہیں ہوا۔ یونیورسٹیوں کے لئے دروازے کھولے جائیں تاکہ سٹوڈنٹس کی عملی تربیت ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسلز اور میونسپل کمیٹیز کو ڈیجیٹائز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے بلدیات چودھری خرم خان ورک نے انٹرن شپ پروگرام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو زمینی حقائق سے باخبر رکھنا ضروری ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے ماحولیات کی ڈگری پر بھی کام ہوسکتا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا کہ جی سی یونیورسٹی لاہور کے ساتھ انٹرن شپ پروگرام پر ایم او یو تیار ہے۔ سٹوڈنٹس کو محکمہ بلدیات کے منصوبوں پر ریسرچ کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں نئی اور بڑی لفٹس کی تنصیب سے شہریوں اور سٹاف کو ریلیف ملا ہے۔






