کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ مون سون ایمرجنسی کیمپس، ڈسپوزل اسٹیشنز اور واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے مون سون تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مون سون کنٹرول روم 24/7 ایکٹیو رہے گا۔ اس کنٹرول روم میں تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس جیسے لیسکو، ایل ڈبلیو ایم سی، ٹیپا، اور ٹریفک پولیس کے نمائندے ڈیوٹی دیں گے۔ کمشنر لاہور نے مون سون کنٹرول روم کو محکمہ موسمیات سے کوآرڈینیشن رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ شہر بھر کا دورہ کیا اور لبرٹی چوک، لکشمی چوک میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا لاہور نے اس مون سون کے دوران 20 سے زائد ایمرجنسی ریلیف کیمپس فعال رکھنے ہیں۔
کمشنر لاہور نے 29 انڈر پاسز پر پمپس کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایات دیں تاکہ مون سون کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے شادمان ڈرین کے ڈیسلٹنگ آپریشن کا جائزہ لیا اور فلوٹنگ میٹیریل کی صفائی کو موثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔ مزید برآں، تمام پلوں کے نیچے سے خصوصی صفائی جاری رکھنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
کمشنر لاہور نے ڈرینز میں کوڑا کرکٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور چالان کرنے کی ہدایات دیں اور مختلف مقامات پر آگہی فلیکس آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔لکشمی ڈسپوزل اسٹیشن کے دورے کے دوران کمشنر لاہور نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو صاف رکھنے کی ہدایات جاری کیں اور تمام جنریٹرز کو اسٹینڈ بائی پر رکھنے اور فیول کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی دیں۔