سندھ میں متعدد وزراء کے محکمے تبدیل،سید ناصر حسین شاہ وزیر بلدیات،سعید غنی محنت،شاہد تھہیم صحت،پی اینڈ ڈی کا محکمہ بھی جام شورو کے حوالے

سندھ کابینہ میں رد و بدل کردیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی سے محکمہ بلدیات کا قلمدان لے کر ناصر حسین شاہ کو سونپ دیا گیا جب کہ سعید غنی کو لیبر اینڈ سوشل پروٹیکشن کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

جمعے کو سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا گیا ہے جس کے تحت کئی وزراء اور مشیروں کے قلمدان تبدیل یا نئے محکمے تفویض کر دیے گئے ہیں۔

سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر انہیں لیبر اینڈ سوشل پروٹیکشن کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ناصر حسین شاہ کو محکمہ بلدیات کا قلمدان سونپا گیا ہے جب کہ سید ناصرحسین شاہ توانائی کے ساتھ اب وزیر بلدیات بھی ہوں گے۔شاہد تھہیم کو وزیر محنت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے جب کہ جام خان شورو پر مزید بوجھ ڈال کر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کا محکمہ بھی ان کے حوالے کردیا گیا ہے۔مخدوم محبوب الزماں سے امداد کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ خوراک کا وزیر بنایا گیا ہے جب کہ مشیر جبار خان سے خوراک کا قلمدان واپس لے کر انہیں مشیر برائے امداد مقرر کیا گیا ہے۔معاون خصوصی علی راشد کو محکمہ آئی ٹی کا قلمدان مل گیا ہے۔

اسماعیل راہو کو صوبائی وزیر مقرر کر دیا گیا ہے اور انہیں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ شام سندر ادوانی کو بھی معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب گورنر ہاؤس کراچی میں حلف برداری کی تقریب ہوئی، جہاں سندھ کے نئے وزرا نے اپنی وزارت کا حلف اٹھا لیا ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسماعیل راہو سے حلف لیا ہے جب کہ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزراء اور دیگر مہمان شریک ہوئے۔

جواب دیں

Back to top button