ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمان قمبرانی کا ائیرپورٹ روڈ پر نصب پیڈسٹرین برج اور جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا دورہ

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمان قمبرانی نے ائیرپورٹ روڈ پر نصب پیڈسٹرین برج اور جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں کا دورہ کیا، انہوں نے لینئر پارک کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور عوامی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، رفیق بلوچ نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دیواروں کی خوبصورتی اور وال بیوٹیفیکیشن سے علاقے میں وال چاکنگ کا خاتمہ ہوگا، جس سے شہر کا حسن اور بھی نکھر جائے گا۔ مزید برآں، سریاب روڈ پر دو نئے پیڈسٹرین برج نصب کرنے کے منصوبے پر بھی عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے اس موقع پر کہا کہ کوئٹہ کی تزئین و آرائش اور شہری سہولیات میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ائیرپورٹ روڈ اور لینئر پارک کے منصوبے نہ صرف شہر کے حسن کو اجاگر کریں گے بلکہ شہریوں کے لیے ایک محفوظ، خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کریں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ کوئٹہ کو صاف ستھرا، جدید اور عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ شہر بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button