وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت واسا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ
لاہور میں مون سون آپریشنز کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹی کے کیمروں سے مدد لی جائے گی۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، ایم ڈی واسا غفران احمد اور مینجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر لاہور میں مون سون کے دوران بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے صوبائی وزیر کو مون سون پلان پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے بارشوں کے دوران لاہور کے 31 انڈر پاسز پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی آپریشن کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایل ڈبلیو ایم سی، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور ایل ڈی اے کے اہلکار بھی واسا ریلیف کیمپس میں تعینات کئے جائیں۔ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں تاکہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ موسم برسات میں وہی جذبہ بروئے کار لایا جائے جو عیدالاضحٰی پر صفائی کے لئے سامنے آیا۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ وزیراعلی کے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مرکزی مون سون کنٹرول روم واسا آفس میں ہی قائم کیا گیا ہے جبکہ بلدیہ عظمی لاہور، ایل ڈی اے اور ایل ڈبلیو ایم سی کے نمائندے یہاں موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران اور پانی کی مکمل نکاسی تک متعلقہ آفیسر فیلڈ میں رہیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ خطے کے دیگر ممالک میں بارشوں اور انتظامات کے ساتھ موازنہ بھی ہونا چاہیئے۔ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بعض مقامات پر ورکرز کے حفاظتی انتظامات میں خامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ عملہ صفائی نکاسی آب کے کام میں دستانوں کا استعمال لازمی کرے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور میں واسا کے 12 ڈسپوزل اور 112 لفٹ سٹیشنز ہیں۔ واسا کے زیرانتظام 22 ایمرجنسی ریلیف کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اپنے الگ ایمرجنسی کیمپ بھی لگائے۔ اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر سے لاہور میں تحصیل سطح پر مون سون پلان کی تفصیل طلب کرتے ہوئے ایم ڈی واسا سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر رنگ روڈ پر واقع انڈر پاسز کا دورہ کر کے وہاں پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیں۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے بتایا کہ ہر بارش کے بعد متعلقہ افسروں کے مشترکہ اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بارش کے نصف گھنٹے بعد لاہور کے بیشتر علاقوں میں نکاسی آب کا عمل مکمل کر لیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے بتایا کہ واسا کے 5900 فیلڈ ورکر 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔