وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور سیکرٹری ایل جی بورڈ رضوان نذیر موجود تھے۔
پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل چیف آفیسرز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر نے مون سون کے موسم میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مون سون کے دوران صوبہ بھر میں موثر اقدامات کا حکم دیتے ہوئے عیدالاضحٰی پر صفائی والا جذبہ بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ عیدالاضحٰی پر جس طرح صفائی انتظامات کو سراہا گیا وہ باعث فخر ہے۔ موسم برسات کے آغاز پر وزیراعلٰی خود بھی دورے کر رہی ہیں اور میں بھی اضلاع کے دورے کرونگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ابتدائی بارشوں میں ملنے والے سبق سے سیکھ کی اصلاح کی کوشش کریں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ چیف آفیسرز اضلاع میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ جتنے وسائل ہیں اور افرادی قوت ہے وہ نکاسی آب کیلئے استعمال کریں۔ کسی جگہ نالوں کی ڈی سلٹنگ نہیں ہوئی تو فورا صفائی کرائی جائے۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات پر بروقت عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرز مون سون ایمرجنسی کیمپوں کا قیام یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ تمام چیف آفیسرز کو مون سون پلان بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینز کی صفائی اور دیگر انتظامات کی تھرڈ پارٹی تصدیق کرا رہے ہیں۔ بارانی پانی کے نکاس میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔