وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ ہاؤسنگ نے صوبے بھر میں گزشتہ پانچ سال کے دوران مکمل اور جاری منصوبوں کے معیار کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سینٹرل، نارتھ اور ساؤتھ زونز میں کوالٹی ایشورنس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو دس روز میں تفصیلی رپورٹس پیش کریں گی۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یہ کمیٹیاں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پی ایچ اے اور واسا کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا تکنیکی و معیاری معائنہ کریں گی تاکہ ترقیاتی کاموں کا معیار یقینی بنایا جا سکے۔سینٹرل زون کی کوالٹی ایشورنس کمیٹی کے کنوینر ڈائریکٹر ورکس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ہوں گے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن محکمہ ہاؤسنگ اور ڈپٹی ایم ڈی واسا گوجرانوالہ اس کے ممبران ہوں گے۔ سینٹرل زون میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور لاہور ڈویژن کے اضلاع شامل ہیں۔
چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (نارتھ) نارتھ زون کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ اس کمیٹی میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ راولپنڈی اور ڈائریکٹر واٹر سپلائی واسا راولپنڈی ممبر ہوں گے۔ نارتھ زون میں راولپنڈی، گجرات اور سرگودھا ڈویژن کے اضلاع شامل ہیں۔ساوٗتھ زون کے لیے چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (ساوٗتھ) کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملتان اور ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ممبر ہوں گے۔ اس زون میں ڈی جی خان، بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے اضلاع شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق کمیٹیاں نہ صرف جاری منصوبوں کے معیار کا جائزہ لیں گی بلکہ مکمل ہونے والے پراجیکٹس کا بھی تکنیکی تجزیہ کیا جائے گا تاکہ تعمیراتی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔






