حیدرآباد: محکمہ توانائی حکومت سندھ کی جانب سے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت سولر ہوم سسٹم کی تقسیم کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ پہلے مرحلے میں ٹنڈو جام تعلقہ دیہی حیدرآباد کے 100 مستحق افراد میں بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سولر ہوم سسٹم تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بغیر کسی عہدے کے عوامی خدمت کر رہے ہیں، جو ثابت کرتا ہے کہ وہ ملک کے وزیراعظم بننے کے مستحق ہیں۔ وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر بجلی گرڈز کو مستحکم کرنے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس سے 100 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔






