کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے لاہور میں جاری انسداد پولیو مہم کارکردگی و جائزہ کے حوالے سے پرانی انارکلی و اردگرد ایریاز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسٰی رضا بھی ہمراہ موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ لاہور و پولیو ٹیم انچارجز نے بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے انسداد پولیو ٹیموں کی فیلڈ کارکردگی کیلئے گھروں پر دستک دیکر چیک کیا۔ انہوں نے ریکارڈ رجسٹر و انسداد پولیو مائکروپلان کے مطابق ابتک کی انٹریز و حاضری شیٹ کو چیک کیا۔
کمشنرلاہور نے پولیو ویکسینز وائلز اور ان کے باکسز کے ٹمپریچر کو خصوصی طور پر چیک کیا۔کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ جاری پولیو مہم میں لاہور میں 5 سال کی عمر تک کے 22لاکھ 30ہزار134 بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف ہے، 5825 موبائیل پولیو ٹیمز، 371فکسڈ ٹیمز متحرک ہیں اور 214 ٹرانزٹ پوائنٹس کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔کمشنر لاہور نے شہریوں اور والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو قطرے پلوانا والدین کا فرض ہے، زندگی بھر کے پولیو مرض سے نجات بچوں کی نہیں والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پولیو فیلڈ ٹمیں جانفشانی سے ہر دروازے پر دستک دے رہی ہیں، شہری اور والدین مکمل تعاون کریں، پولیو زندگی بھر کی معزوری ہے اپنے بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔






