محکمہ بلدیات پنجاب کا اینٹی سموگ آپریشن تیز،ہزاروں افراد کے خلاف کارروائی،11 کروڑ 42 لاکھ جرمانہ

پنجاب بھر میں اسموگ کی روک تھام کے لیے محکمہ بلدیات کی جانب سے اینٹی اسموگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ جلانے، تجاوزات قائم کرنے اور دیگر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔محکمہ بلدیات کے ترجمان نے بتایا کہ سالڈ ویسٹ، ٹائرز اور ربڑ جلانے والوں پر 11 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ کوڑا کرکٹ جلانے کے الزام میں 49 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جب کہ تجاوزات قائم کرنے والے 25 ہزار 532 افراد کو 32 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ہے۔

درخت کاٹنے میں ملوث 2 ہزار افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔صوبے کی تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں پر روزانہ پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ گرد و غبار کو روکا جا سکے اور شہریوں کو بہتر فضائی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ محکمہ بلدیات کی ہدایت پر تمام لوکل گورنمنٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ ریت اور مٹی کی ٹرالیاں بغیر ترپال کے سڑکوں پر لانے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ کو ہرگز نہ جلائیں بلکہ اسے مناسب طریقے سے تلف کریں یا قریبی ویسٹ مینجمنٹ عملے کے حوالے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ شکیل احمد میاں کا کہنا تھا کہ اگر شہری حکومت کے ساتھ تعاون کریں تو ایئر کوالٹی انڈیکس میں جلد واضح بہتری لائی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button