پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنہ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمشنر طاہر سانگی، میئر انور لہڑ کے علاوہ نثار کھوڑو، جمیل سومرو، سہیل سیال، نذیر بگھیو، عادل انڑ، خورشید جونیجو، اعجاز لغاری اور خیرمحمد شیخ شریک تھے۔مختلف گاؤں سے لاڑکانہ شہر آنے والے راستوں پر 32 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ہوئی ہے،

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ڈی سی لاڑکانہ نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ مختلف نہروں پر 17 چھوٹے پُل تعمیر کئے گئے ہیں، این اے 194 کے 20 اسکول سولرائزڈ کیے گئے ہیں۔ سیلاب میں تباہ ہونے والے صحت کے 12 مراکز کو ازسرنو تعمیر کردیا گیا۔انڈس ہائی وے کو جانے والے وگن روڈ کو دوطرفہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی چوک سے چانڈکا پُل تک شہر کی مرکزی شاہراہ حیات محمد خان شیرپاؤ کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔شہر کے 27 مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حلقہ انتخاب 194 میں ترقیاتی کاموں کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔






