سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے نارووال اور شکرگڑھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد منصوبوں پر پیش رفت، تعمیراتی معیار اور عوامی سہولیات سے متعلق جاری کاموں کا آن گراؤنڈ معائنہ کرنا تھا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شاہد زمان لک اور ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب بھی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر ابوبکر خان نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نارووال اور شکرگڑھ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں، مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نارووال میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 5 ارب 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جبکہ شکرگڑھ میں 7 ارب روپے کے ترقیاتی کام پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام میں بہتری اور مون سون کے دوران پانی کے نکاس کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرنا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا گیا کہ نارووال اور شکرگڑھ میں انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس، ڈرینج انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری شہری سہولیات سے متعلق منصوبے جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق نارووال میں 3 جبکہ شکرگڑھ میں 2 انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر ترقیاتی کام بھی مقررہ اہداف کے مطابق جاری ہیں۔زید بن مقصود نے مکمل کیے گئے سٹوریج ٹینکس اور دیگر کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مون سون سے قبل سٹوریج ٹینکس کی تکمیل اور ضروری ترقیاتی کام مکمل کرنے پر نارووال ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ سٹوریج ٹینکس کی بروقت تکمیل پر نارووال ٹیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں تمام ضروری انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم رکھا جائے اور جہاں ترقیاتی کاموں کے لیے کھدائی کی گئی ہے وہاں کھدائی شدہ علاقوں کی بروقت بحالی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔زید بن مقصود نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کی مؤثر مانیٹرنگ، تعمیراتی معیار کی مسلسل جانچ اور منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا اصل مقصد شہریوں کو براہِ راست بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ان کے عملی ثمرات بھی عوام تک فوری پہنچنے چاہئیں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے، جاری کاموں کی پیش رفت باقاعدگی سے رپورٹ کی جائے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری دور کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات شہریوں تک جلد از جلد پہنچائے جائیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی نگرانی کا عمل مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوامی اہمیت کے منصوبے بروقت مکمل ہوں اور شہریوں کو بہتر، محفوظ اور مؤثر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






