پی ڈی پی، 52 شہروں کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ مرحلہ وار 200 شہروں کیلئے ترقیاتی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر اسد محمود نے پی ڈی پی میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی ڈی پی کیلئے 304 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ پروگرام میں اربن فلڈنگ سے نبٹنے کے لئے خاص حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر کی ضرورت کے مطابق ڈرین کی تعمیر کی جائے گی۔ پی ڈی پی کے ذریعے پہلی بار شہروں کے لئے جامع انفراسٹرکچر مہیا کیا جائے گا اور 2050 تک کی آبادی مدنظر رکھ کر پلاننگ کی گئی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 52 شہروں کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ مرحلہ وار 200 شہروں کیلئے ترقیاتی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں تاہم زیادہ خراب صورتحال والے 12 شہروں میں کام پہلے شروع ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اٹک، کامونکی، لالہ موسی، خانیوال، وزیرآباد اِن 12 شہروں میں شامل ہیں۔ اسی طرح علی پور چٹھہ، لیہ، ڈسکہ، بوریوالہ کیلئے درکار روڈ میپ مکمل ہو گیا۔ میلسی، جڑانوالہ، وہاڑی میں بھی منصوبوں کا ابتدائی کام شروع ہو گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ بارانی پانی کے موثر نکاس اور ذخیرے کیلئے زیر زمین ٹینک بنائے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت ٹوٹی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیرنو کی جائے گی۔ انہوں نے سٹریٹ لائٹس اور پارکس کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے اور پی ڈی پی کے منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

Back to top button