حکومتِ پنجاب کا تاریخی اقدام شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کے لیے “پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امووایبل پراپرٹی آرڈیننس 2025” نافذ کر دیا ہے۔
یہ آرڈیننس گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تاکہ زمینوں اور جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
نئے قانون کے تحت کسی بھی شہری کو اس کی قانونی ملکیت سے زبردستی بے دخل نہیں کیا جا سکے گا،جبکہ جائیداد سے متعلق تنازعات کے فوری اور شفاف حل کے لیے ایک منظم طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 24 کے مطابق شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کی عملی صورت ہے۔اور اس سے معاشرے، خصوصاً دیہی علاقوں میں زمینوں پر قبضوں کے خاتمے کے حوالے سے بڑی سماجی تبدیلی متوقع ہے۔






