گلگت بلتستان میں ای-پروکیورمنٹ نظام کے نفاذ کے حوالے سے اہم پیش رفت

اسلام آباد میں گلگت بلتستان میں ای-پروکیورمنٹ (E-Procurement) نظام کے نفاذ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خزانہ گلگت بلتستان و منیجنگ ڈائریکٹر صوبائی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (GBPPRA) نجیب عالم نے وفاقی پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پیڈز (EPADS) شیخ افضال رضا سے ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں ای-پروکیورمنٹ نظام کے جلد اور مؤثر نفاذ کے لیے عملی اقدامات اور تعاون کے پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی وفاقی پیپرا حسنات احمد قریشی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وفاقی پیپرا، گلگت بلتستان حکومت کو ای-پروکیورمنٹ کے نفاذ میں ہر ممکن تکنیکی و ادارہ جاتی معاونت فراہم کرے گا تاکہ خطے میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کے اصولوں کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔چیف سیکریٹری کی ہدایت پر جی بی پی پی آر اے کی ٹیم نے وفاقی پیپرا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ای پیڈز نظام کے ڈھانچے، افادیت اور عملدرآمدی چیلنجز پر جامع بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ای-پروکیورمنٹ کے نفاذ سے ٹینڈرنگ کے عمل میں شفافیت، ڈیجیٹل گورننس، اور وقت کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر نجیب عالم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری خریداری کے عمل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق خودکار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی پیپرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ گلگت بلتستان میں ای پیڈز نظام (Electronic Procurement and Asset Disposal System) کے نفاذ میں ہر ممکن تعاون اور تربیتی معاونت فراہم کرے گی تاکہ اس نئے نظام کو کامیابی سے متعارف کرایا جا سکے۔

یہ پیش رفت گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل گورننس، شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نئے دور کا آغاز قرار دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button