کوئٹہ میں گیس کی منصفانہ تقسیم، غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی اور کمپریسر کے استعمال کے خلاف کارروائی کے لئے مشترکہ حکمت عملی

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شازیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، گیس حکام، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں کوئٹہ شہر اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی، لوڈشیڈنگ اور شہریوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر کوئٹہ نے گیس حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں گیس لوڈشیڈنگ رات 12 بجے کے بعد کی جائے تاکہ عوام کو دن کے اوقات میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گیس چوری، کمپریسر کے استعمال اور میٹر ٹمپرنگ کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور گیس حکام کو مشترکہ آپریشنز کرنے کی ہدایت کی تاکہ کمپریسر بیچنے والوں، کمرشل صارفین اور تندور مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے، کیونکہ ان کے غیر قانونی استعمال سے گھریلو صارفین کو گیس پریشر میں شدید کمی کا سامنا ہوتا ہے۔کمشنر شازیب خان کاکڑ نے مزید کہا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ گیس کے استعمال میں اضافہ قدرتی امر ہے، تاہم گیس کمپنی کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو مناسب پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرے۔انہوں نے گیس لائنوں کی مرمت اور پرانی پائپ لائنوں کی تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ سپلائی نظام بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو گیس چوری کی روک تھام اور گیس کے محفوظ استعمال کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔کمشنر نے کہا کہ عوامی مفاد میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم رکھا جائے اور رات 12 بجے تک بلا تعطل گیس فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر گیس حکام نے کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ لوڈشیڈنگ کے اوقات اور دورانیے میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ شہر میں گیس کی منصفانہ تقسیم، غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی اور کمپریسر کے استعمال کے خلاف کارروائی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button