لاہور(مقصود اعوان سے)پنجاب اور خیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 14 نشستوں پر ہونیوالے ضمنی انتخابات میں وفاقی وزراء ، مشیروں اور موجودہ و سابق ارکان اسمبلی کے رشتہ دار امیدوار ہی کامیاب ہوئے ہیں۔ان میں عطا اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، طلال چودھری، راجہ محمد ریاض، رانا ثنا اللہ کے خاندانوں کے افراد قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ایوانوں میں پہنچے ہیں۔ ان میں پنجاب سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب سے 13 کامیاب ہونے والے امیدواروں میں سے 12کا تعلق مسلم لیگ نون ایک امیدوار کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہےجبکہ خیبرپختونخوا کے واحد قومی کے حلقہ 18 ہری پور میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ خاتون امیدوار میدان زبردست مقابلہ ہے۔ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور تحریک لبیک کے بائیکاٹ کے باعث متعدد حلقوں میں اِن جماعتوں کے بااثر افراد نے اپنے سیاسی حریفوں کیلئے انتخابی میدان کھلا نہ چھوڑا اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا مگر ناکامی سے دوچار ہوئے۔ این اے 66 وزیر آباد میں دو بڑے سیاسی حریف چٹھہ اور چیمہ خاندانوں کے ضمنی انتخابی میدان میں نہ نکلنے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے کزن بلال فاروق تارڑ پہلی بار بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے۔ ماضی میں اِس حلقے سے حامد ناصر چٹھہ، ان کے صاحبزادے احمد چٹھہ ،اور ان کے حریف جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ اوران کے بھائی ڈاکٹر نثار چیمہ منتخب ہوتے رہے ہیں۔
فیصل آباد این اے 96 سے وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری کے بھائی بلال بدر چودھری اپنے پرانے سیاسی حریف نواب شیر وثیر کو ناکام بنا کر پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں اِس سے قبل اِس حلقے سے نواب شیر وسیر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے منتخب ہوتے رہے ہیں، اِس مرتبہ نواب شیر وسیر انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے تھے۔این اے 104 فیصل آباد سے سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سنیئر صوبائی وزیر راجہ محمد ریاض کے صاحبزادے راجہ دانیال احمد پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ قبل ازیں صاحبزادہ حامد رضا اور ان کے والد صاحبزادہ فضل کریم بھی اسی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ساہیوال کے حلقہ این اے 143 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 203 دو بھائی محمد طفیل جٹ قومی اسمبلی کے، اور محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ جبکہ ان کے تیسرے بھائی چودھری محمد ارشد جٹ پہلے ہی پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں۔ یوں دوسری بار تینوں بھائی قومی و صوبائی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس حلقے کے دو بڑے اور پرانے ؛؛رائے ؛اور؛ لنگڑیال؛ حریف سیاسی خاندانوں کے افراد نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے وفاقی وزیر سردار اویس خان لغاری کے قریبی رشتہ دار محمود خان لغاری اپنے پرانے سیاسی حریف سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کو شکست دیکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ سردار دوست محمد کھوسہ پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے۔خیبر پختونخوا کے این اے 18 سے مسلم لیگ نون کے امیدوار سابق رکن اسمبلی بابر نواز اور سابق صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی عمر ایوب کی اہلیہ شہرناز عمر کے درمیان زبردست مقابلہ جاری ہے۔فیصل آباد کے صوبائی حلقہ پی پی 116 سے وزیر اعظم کے مشیر سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کے داماد رانا احمد شہریار خان پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔
لاہور کے حلقہ این اے 129 سے سابق گورنر میاں محمد اظہر کی خالی نشست پر اُن کے سیاسی حریف میاں محمد نعمان ، میاں اظہر کے نواسے آزاد امیدوار چودھری ارسلان کو شکست دیکر پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ اِس سے قبل میاں محمد نعمان رکن پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں۔ پی پی 115 فیصل آباد سے مسلم لیگ نون کے میاں طاہر پرویز اپنے مدمقابل اصغر قیصر کو شکست دیکر ایم پی اے منتخب ہوگئے ہیں۔
پی پی 98 فیصل آباد سے پرانے سیاسی خاندان ساہی خاندان کے دونوں سیاسی حریف آزاد علی تبسم اور چودھری محمد اجمل چیمہ کے رمیاں مقابلہ میں مسلم لیگ نون کے امیدوار آزاد علی تبسم پی ٹی آئی کے سابق وزیر چودھری اجمل چیمہ کوشکست دے کر ایک پھر پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں ۔سرگودھا کے حلقہ پی پی 73 سے مسلم لیگ نون کے میاں سلطان علی رانجھا اپنے مدمقابل میاں حارث رانجھا کو شکست دیکر پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔ دونوں امیدوار سابق ڈپٹی سپیکر و صوبائی وزیر میاں مناظر علی رانجھا کے قریبی عزیز ہیں۔مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 209 سے پیپلز پارٹی کے واحد امیدوار میاں علمدار حسین قریشی ایک بار اپنے حریف محمد اقبال پتافی کو شکست دیکر دوبارہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔ جبکہ پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور نیازی اپنے مد مقابل نوابزادہ ایاز نیازی کو شکست دیکر ایک بار پھر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ کامیاب امیدوار علی حیدر نور نیازی کی شریف خاندان سے گہری رشتہ داری ہے۔






