یونین کونسل سے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا آن لائن اجراء، نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہو گئے۔معاہدے کے تحت پنجاب کی یونین کونسلز میں زندگی کے اہم واقعات کا اندراج اور سرٹیفکیٹ کا اجراء نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہو گا اور شہری گھر بیٹھے یہ سرٹیفکیٹ بنوا سکیں گے۔معاہدے پر

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد اور ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور ریجن فضہ شاہد نے دستخط کئے۔
محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق پیدائش، نکاح، طلاق اور وفات کی رجسٹریشن سہل اور تیز بنانے کے لیےلوکل گورنمنٹ پنجاب اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت شہری اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یہ رجسٹریشن کروا سکیں گے۔اس حوالے سے نادرہ آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور ڈی جی نادرا پنجاب فضا شاہد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈی جی لوکل گورنمنٹ پنجاب احمد کمال مان بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر لاہور ڈویژن ڈاکٹر فاروق کھارا، ڈائریکٹر آپریشنز یاسر سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز محسن مقبول اور نادرا کے فوکل پرسن رضوان علی بھٹی نے بھی شرکت کی۔ابتدائی طور پر یہ سہولت جہلم، چکوال اور ننکانہ صاحب کے اضلاع میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی گئی ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ اب بہت جلد یہ نظام پورے صوبے کی یونین کونسلوں تک پھیلایا جائے گا، جس سے شہریوں کے لیے اہم سرکاری رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم ہوگی۔ڈی جی نادرا پنجاب فضا شاہد نے کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ پر شہریوں کے لیے سہولیات کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے تاکہ لوگ اپنی اہم رجسٹریشن کے معاملات گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے مکمل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔





