چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25کے منصوبوں کے پی سی ون 31جولائی تک بھجوا دیئے جائیں۔
انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام اور دستک پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو، تمام محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میں ٹائم لائنز پر عمل کریں اورترقیاتی سکیموں میں فنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال کو یقینی بنا ئیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مالیاتی نظم اور گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،محکموں میں ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم کے نفاذ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روائتی فائل سسٹم ختم ہونے سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دستک پروگرام کا بنیادی مقصد آئی ٹی کے ذریعے لوگوں کو گھر کی دہلیز پر سروسز کی فراہمی ہے۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد بارے ضروری ہدایات جاری کیں۔چیئرمین پی آئی ٹی بی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دستک پروگرام کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 14اگست سے دستک پروگرام تمام ڈویژنل ہیڈ کوراٹرز میں شروع کر دیا جائے گا اور ابتدائی طور پر 65سروسز فراہم کی جائیں گی۔ انہوں ے کہا کہ دسمبر تک فراہم کی جانیوالی سروسز کی تعداد 150ہو جائیگی۔