صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے صوبائی وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی کے ہمراہ جیل چورنگی پل کے نیچے کچرا کنڈی فوری ختم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران سے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے کچرا کنڈیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھروں سے کچرا اٹھانے کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ کچرا کنڈیوں تک کچرا نہ پہنچے۔ شہید ملت روڈ کے دورے کے دوران انہوں نے سڑکوں کی سوئپنگ کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت بھی دی۔ دورے کے دوران چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان سمیع، قائم مقام ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈغلام عباس میمن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر احسن رضا، و یگر افسران موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملبہ اٹھانے کے لئے ضلع ایڈمنسٹریشن، پولیس اور متعلقہ ٹی ایم سی کی کوآرڈینیشن کے ساتھ لائحہ عمل بنائیں تاکہ جگہ جگہ ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اور ملبے کو شہر میں پھینکنے کے عمل کو روکا جا سکے۔ علاوہ ازیں انہوں نے جی ٹی ایس امتیاز کادورہ کیا اور جی ٹی ایس پر غیر متعلقہ افراد کا کچرے میں سے قابل استعمال اشیاء نکالنے اور کچرے میں آگ لگانے کے عمل کوروکنے کے لئے بھی حکمت عملی مرتب دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کی کچرا اٹھانے والی کمپنی اس بات کو یقینی بنائے کہ کچرے میں آگ نہ لگے۔اس کے علاوہ جی ٹی ایس امتیاز کے قریب منسلک روڈ پر کچرا نہیں پھینکیں بلکہ مقررہ جگہ پر ڈالیں۔ ریمپ پر کچرا رکھنے سے کچرہوا کے ذریعے علاقوں میں داخل ہورہا ہے انہوں نے اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ کی تمام نجی کمپینز عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیکشن144 کے تحت کچرا جلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں۔






