کمشنرلاہورڈویژن مریم خان نے صاف شہر مشن پر عملدرآمد و جائزہ کے لئے ضلع قصور کا دورہ کیا اور صفائی، سڑکوں کی دھلائی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ قصور کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاری کردہ ہدایات کے مطابق خالی علاقوں اور میدانوں میں پڑے کوڑے کو ہٹایا جاچکا ہے، ضلعی انتظامیہ صفائی مانیٹرنگ سخت کریں، انہوں نے کہا کہ خالی پرائیویٹ جگہوں کو ون ٹائم کلیئر کیا جائے جبکہ دوبارہ کوڑے کا ڈھیر لگنے پر مالک کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پورے ضلع میں صفائی آپریشن جاری ہے سڑکوں پر پانی چھڑکاؤ کو مستقل فیچر بنائیں۔
کمشنر لاہور نے تحصیل قصور مصطفی آباد میں سیوریج مستقل حل کیلئے نالہ کی جاری تعمیر کا جائزہ لیا اور انتظامیہ سے تکمیل کی ڈیڈلائن طلب کر لی۔ ڈی سی قصور نے حالی روڈ مصطفی آباد روڈ سکیم بارے بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے تحصیل قصور مصطفی آباد گلیوں کا بھی دورہ کیا اور نالیوں کی صفائی کے بعد کچرے کو فوری اٹھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل قصور مصطفی آباد میں کھلے ایریاز سے کچرے کو صاف کرکے شجرکاری کی جائے۔کمشنرلاہور ڈویژن مریم خان نے کہا کہ صرف لاہور نہیں پوری لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع میں صاف شہر مشن پر عملدرآمد جاری ہے، وزیراعلی ہنجاب کی اولین ترجیح صفائی۔”وزیراعلی ستھرا پنجاب“ شہریوں کا معیار زندگی بلند کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ قصور شہر میں سڑکوں کو صفائی کے بعد دھویا جارہا ہے جس سے سموگ میں کمی ہوگی۔کمشنر لاہور مریم خان نے بابا کمال چشتی چوک میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ شہروں کی خوبصورتی اور آلودگی سے تحفظ کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے، صاف ستھرا سر سبز شہر مشن کے تحت بھرپور شجرکاری مہم چلائی جائے۔






